کوئین میری کالج کا سالانہ سپورٹس ڈے‘ بیگم پروین سرور کی شرکت
لاہور(لیڈی رپورٹر) بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے کہا ہے کہ کھیلوںسے طالبات میں لیڈرشپ ، سپورٹس مین سپرٹ، اتحاد اور برداشت کی صلاحیتیں پیدا ہوتی ہیں، کھیلوںکے میدان آباد ہوں تو بہت سی معاشرتی برائیوںکاخاتمہ ہوجاتا ہے۔ وہ گزشتہ روز کوئین میری کالج برائے خواتین کے سالانہ 110 ویںسپورٹس ڈے سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر پرنسپل عرفانہ مریم ، وائس پرنسپل جہاںآرا اور سپورٹس انچارج نسرین گلشن ودیگر موجودتھیں۔ قبل ازیں پرنسپل نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔ سپورٹس ڈے پرطالبات نے فینسی ڈریس شو، پی ٹی شو، کراٹے، جمناسٹک، سیک ریس اور سپون ریس کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں طالبات نے گہرے گلابی اور سبز رنگوںسے مزین کشمیری لباس میں کشمیری گیت پیش کرکے سماں باندھ دیا ۔ میوزیکل چیئر کا مقابلہ پروفیسر شمائلہ خان نے جیتاجبکہ اقبال ہاؤس نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے طالبات میں انعامات، میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔