امریکہ نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کا الزام لگا کر پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا
واشنگٹن (نیٹ نیوز ) امریکہ کا پاکستان پر دباﺅ بڑھانے کا ایک اور حربہ، مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کا الزاملگا کر بلیک لسٹ میں شامل کر دیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کے الزام میں پچھلے سال پاکستان کو واچ لسٹ میں رکھا تھا تاہم اب امریکہ نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بین الاقوامی ایکٹ برائے مذہبی آزادی 1998ءکے تحت پاکستان سمیت سعودی عرب، چین، ایران، شمالی کوریا، برما، اریٹیریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا ہے۔ امریکا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں سے روا سلوک پر پاکستان پر دباﺅ بڑھانے کے لئے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی مذہبی آزادی کا تحفظ ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے، امریکا مذہبی آزادی سے متعلق ہر سال فہرست جاری کرتا ہے اور پاکستان اس فہرست میں برقرار رہا تو اس پر ممکنہ طور پر جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکہ ایسی زیادتیوں کی مخالفت کرتا ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں اب بھی لوگوں کو ہراساں کرنے، گرفتاریوں کا سامنا ہے۔ امریکا کی جانب سے بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد اب واشنگٹن، مذہبی آزادی کے نام پر پاکستان پر اصلاحات کے لئے دباﺅ ڈال سکے گا۔ بلیک لسٹ میں شامل ملکوں پر الزام ہے کہ یہ باقاعدہ منظم طریقے سے مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
بلیک لسٹ