• news

بیلجیم نے پاکستان کو ہرا کر ہاکی ورلڈ کپ سے باہر کر دیا

لاہور (نمائندہ سپورٹس)ورلڈ کپ ہاکی 2018ء کے پری کوارٹر فائنل میچ میں بیلجیم نے پانچ۔صفر سے شکست دے کر پاکستان کو ایونٹ سے باہر کردیا۔بیلجیم کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا ورلڈ کپ ہاکی کا سفر تمام ہوا، پاکستان نے ایونٹ میں مجموعی طور پر چار میچز کھیلے،تین میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔بھارتی شہر بھوبنیشور میں کھیلے جارہے ایونٹ میں بیلجیم نے کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے کوارٹر کے دسویں منٹ میں الیگزینڈر ہینڈرکس نے پنالٹی کارنر پر گول کرے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔ابھی پاکستان کو برتری ختم کرنے کا موقع بھی نہیں ملا تھا کہ تھامس بریلز نے شاندار فیلڈ گول کرکے بیلجیم کی برتری دگنی کر دی۔پاکستانی کھلاڑیوں نے برتری کم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی اور پہلا کوارٹر دو۔صفر سے بیلجیم کی برتری پر ختم ہوا۔دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی، اس دوران توثیق ارشد کو گرین کارڈ بھی دکھایا گیا۔تیسرے کوارٹر فائنل میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور کھیل کے 27 ویں منٹ میں بیلجیم کے سیڈرک چارلیئر نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کی لیڈ مزید مستحکم کرتے ہوئے تین۔صفر کردی۔تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان کے ایک اور کھلاڑی عمر بھٹہ کو گرین کارڈ دکھایا گیا۔تیسرے کوارٹر میں بھی بیلجیم نے پاکستان پر دباو برقرار رکھا اور 35 ویں منٹ سباسچین ڈوکیئر نے چوتھا گول کرکے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی۔چوتھے کوارٹر میں بیلجیم کو پنالٹی سٹروک ملا جسے ٹام بون نے بغیر کوئی غلطی کیے گول میں تبدیل کردیا اور اپنی ٹیم کی برتری پانچ گول کردی اور میچ کا اختتام سکور پر ہوا۔عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور وہ کوئی بھی میچ جیتنے سے قاصر رہی جبکہ ایونٹ میں قومی ٹیم صرف دو گول سکور کر سکی۔دوسرے کراس اوور میچ میں ہالینڈ نے کینیڈا کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ۔ مقابلہ بھارت سے کل ہو گا۔ ہالینڈ کی طرف سے بالک نے سولہویں منٹ میں گول کر کے ڈچ ٹیم کو برتری دلائی ۔ کیمر مین نے بیسویں منٹ میں دوسرا گو ل کیا۔ وین ڈیم نے چالیسویں اور 58ویں منٹ میں گول کئے ۔ برنک میں نے اکتالیسویں منٹ میں گول کیا ۔ کینیڈین ٹیم کوئی گول نہ کرسکی ۔ آج بھی دو میچ کھیلے جائیں گے ۔ آج سے کوارٹر فائنل مرحلہ شروع ہوگا۔ پہلا کوارٹر فائنل آج ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا اور فرانس کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی ۔ کل تیسرا کوارٹر فائنل بھارت اور ہالینڈ کے درمیان جبکہ چوتھا کوارٹر فائنل جرمنی اور بیلجیئم کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز پندرہ دسمبر جبکہ فائنل سولہ دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن