یو این ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی ملاقات، غربت کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں : فواد چودھری
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ اپنی مصروفیات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ہماری قومی ترجیحات اور پالیسیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری ترقیاتی ضروریات پوری کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کی کاوشوں کے معترف ہیں۔انہوں نے یہ بات بدھ کو اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنی سے ملاقات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت عام آدمی کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے، غربت کے خاتمہ اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے اور عوامی بھلائی کے شعبوں میں اقوام متحدہ کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنی کو بتایا کہ لوک ورثہ میں موسیقی کے آلات کے ساتھ ساتھ تاریخی و ثقافتی مقامات، جس میں راجہ پورس اور سکندر اعظم کے درمیان ہونے والی لڑائی کا مقام بھی شامل ہے، کو تاریخی ورثہ کے طور پر محفوظ کرنے کیلئے یونیسکو کی مدد کے منتظر ہےں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا کو بے مثال آزادی حاصل ہے اور حکومت آزاد اور ذمہ دار میڈیا کو ترقی اور سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ یو این کے کوآرڈینیٹر نیل بوہنی نے پاکستان میں اقوام متحدہ کی سرگرمیوں اور مصروفیات کا جائزہ پیش کیا اور تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح بدعنوانی کے خاتمہ کی تعریف کی۔
فواد چودھری