عمران کا اوپر والا چیمبر خالی ہے‘ شہباز شریف : ارکان کو پارلیمنٹ میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے منسٹرز انکلیو میں ملاقات ہوئی جس میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال، پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ مستقبل کی سیاسی حکمت عملی، زیر سماعت نیب مقدمات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں شریف خاندان اور خواجہ برادران کیخلاف مقدمات، حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روکنے پر گفتگو کی گئی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے فیصلوں سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوئے تو ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔ حکومت معیشت سمیت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے اب تک کوئی پالیسی نہیں دی جا سکی۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہا¶س میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ مسلم لیگ ن کے ارکان پارلیمان نے پارٹی قیادت کیخلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ حالات کیسے بھی ہوں پارٹی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ پارٹی قیادت نے جرات اور بہادری سے نیب کی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا۔ پارٹی قیادت کی جرات نے پارٹی کو نیا حوصلہ اور ولولہ دیا ہے، نیب کوئی الزام ثابت نہیں کر سکا۔ الزام ثابت نہ ہونا مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کے موقف کی فتح ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے تحت انقامی کارروائیاں قانون انصاف کی دھجیاں اڑا رہی ہیں۔ روزگار کے بدلے بے روزگاری حکومتی سیاہ اعمال ہیں، نئے گھر کی جگہ بنے ہوئے گھروں کو گرانا حکومتی سیاہ اعمال ہیں ڈالر، مہنگائی میں تاریخی اضافہ حکومتی سیاہ اعمال ہیں اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد مذمت منظور کی گئی اجلاس میں سی این جی فیکٹریوں کی بندش کی مذمت کی۔ اجلاس میں گفتگو کی گئی ہے نواز شریف کی قیادت میں قوم کو اندھیروں سے نجات دلائی تھی یہ عمل ریورس ہو رہا ہے۔ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوئے تو ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا ”اوپرکا چیمبر“ خالی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہرآنے والا دن پاکستان کے لئے مایوسی لارہا ہے اور معیشت تباہی کے کنارے کھڑی ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کا دور حکومت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین دور رہا جس کے دوران ملک نے بے مثال ترقی کے بے مثال اہداف حاصل کئے ہیں۔ نیب کے تفتیش کاروں کو 62دن کے عقوبت خانے کے دورانیہ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ایک ایک منصوبے پر حقائق بتاکر لاجواب کیا۔ وہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری حکومت نے بجلی کے اندھیرے ختم کئے۔ موجودہ وزیر خزانہ اسد عمر بھی اعتراف کرچکے ہیں کہ سی پیک منصوبے شفاف تھے۔ انہوں نے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور خواجہ برادران کی سیاست، پارٹی اور ملک وقوم کے لئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے نیب میں جتنی پیشیاں بھگتی ہیں پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کو نامعلوم درخواست پر نوٹس دیا ہے جس کا مقصد انہیں خاموش کرانا ہے۔
نواز/ شہباز