• news

برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام

لندن (عارف چودھری+ وقار ملک + نوائے وقت رپورٹ) برطانوی وزیراعظم تھریسامے کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی ہے۔ تھریسامے نے کہا وہ بریگزٹ ڈیل مکمل کرنا چاہتی ہیں۔ تھریسامے کے حق میں 200 جبکہ مخالفت میں 117 ووٹ پڑے۔ عدم اعتماد پر رائے شماری سے قبل پارٹی ارکان سے خطاب میں تھریسامے نے اگلے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں برطانوی سپریم کورٹ نے بھی وزیراعظم تھریسامے کو یورپی یونین سے انخلاء پر دوبارہ ریفرنڈم کرانے، ڈیل پر رائے شماری موخر کرنے یا یورپی یونین سے ازسرنو معاہدے کا اختیار بھی دے دیا گیا تھا تاہم یورپی یونین کے رہنماﺅں نے نئے معاہدے سے انکار کیا تھا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اختیارات ملنے کے بعد برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے یورپی یونین کے ساتھ طے پانے والے بریگزٹ ڈیل پر پارلیمنٹ میں ہونے والی رائے شماری کو موخر کردیا تھا۔ یورپی یونین سے انخلاءکے معاملے پر وزیراعظم تھریسامے کو شدید دباﺅ کا سامنا رہا ہے، خود وزیراعظم کی کابینہ کے کئی ارکان اختلاف رائے کے باعث مستعفی ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ 2016 میں برطانوی عوام نے یورپی یونین سے انخلاء پر ہونے والے ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا اور اس عمل کو 2019 کے ابتدا تک مکمل کرنا ہے۔
ناکام

ای پیپر-دی نیشن