• news

’’بنت پاکستان‘‘ کی نوعیت جیسا ایک اور کیس سپریم کورٹ میں آگیا

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں متفرق مقدمات کی سماعت جسٹس منظور ملک اور جسٹس طارق مسعود پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی ۔ عدالت نے میاں چنوں میں ریپ کیس میں عمر قید کے دو ملزمان شوکت حیات اور محمد اظہر کی سزائوں کے خلاف اپیلیں خارج کردی ہیں۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں تطہیر فاطمہ کے والد کے نام کی جگہ بنت پاکستان لکھنے کے حوالے سے کیس کی طرح ایک اور کیس سامنے آگیا۔ مانسہرہ اوگی کے علاقہ سے تعلق رکھنے والے علی محمد (بچی کا نانا) نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے کہ ان کا کیس بھی تطہیر فاطمہ کیس کے ساتھ سنا جائے کیونکہ ان کا معاملہ بھی اسی نوعیت کا ہے،انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی بیٹی سمیرا علی کی 20مئی 2007 شادی منور زیب سے ہوئی جس سے لڑکی (درعدل) پیدا ہوئی جس کے حوالے سے بچی کے والد کا کہنا تھا کہ بچی کا والد نہ کاغذات میں اپنا نام دینے کو تیار ہے اور نہ ہی بچی کو اپنی بیٹی تسلیم کرتا ہے۔ مزید براں سپریم کورٹ نے مبینہ فراڈ میں ملوث نیب ملزم ریاض حسین کیس میں نیب پراسیکیوٹر سے 284چیکس اور رقم نکلوالنے سے متعلق (سٹیمنٹ) تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن