• news

صدر کی ملاقات‘ پاکستان سعودی عرب کے ہر سطح پر شاندار تعلقات ہیں : شاہ سلمان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ وقائع نگار خصوصی) صدر مملکت عارف علوی اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں تازہ ولولے اور استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماﺅں کی ریاض میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر باہمی تعلقات، سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسبی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ شاہ سلمان نے صدر مملکت کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور صدر کے الیکشن مین ان کی کامیابی پر انہیں مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا پاک سعودی عرب تعلقات ہر سطح پر مستحکم ہیں اور یہ تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات ہر سطح پر شاندار ہیں۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کی سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں کردار کو بھی سراہا۔ عارف علوی نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ دین اور تہذیب کی بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب کی ترقی کی تعریف کی۔ انہوں نے شہزادی جواہرات بنت فیصل آل سعود کی وفات پر تعزیت بھی کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی عرب کے دورے کے دوران عمرہ ادا کیا اور نوافل پڑھے، جبکہ ان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ بھی خصوصی طور پر کھولا گیا۔ تفصیلات کے مطا بق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی مکہ مکرمہ پہنچے، جہاں انہوں نے عمرہ ادا کیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے دعائیں کیں۔ عارف علوی کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔
صدر علوی

ای پیپر-دی نیشن