تربت میں آپریشن: سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ‘ 6 اہلکار شہید‘ کیپٹن سمیت 14 زخمی‘ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد مارے گئے
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ فیملی میگزین رپورٹ) تربت میں بلیدہ سے 50 کلومیٹر دور واکئی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 4دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 اہلکار شہید ہو گئے۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر تربت میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تربت کے علاقے بلیدہ کے نزدیک واکئی ایریا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ فائرنگ کے دوران دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا جس سے 6 اہلکار شہید ہو گئے۔ ان میں نائب صوبیدار گل شہادت، لعل خان، سجاد، سپاہی انور، نواز، سپاہی سجاد شہید شامل ہیں جبکہ کیپٹن اویس سمیت 14 اہلکار صوبیدار اعجاز، حوالدار صاحب خان، حوالدار ضبط جان، نائیک عبدالستار، لانس نائیک نور اعظم، لانس نائیک مرید عباس، لانس نائیک عبدالرفی، سپاہی قدرت اللہ، سپاہی زاہد علی، سپاہی وقار، سپاہی عدنان، سپاہی دل جان سپاہی شاہی رحمن زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد زخمیوں کو تربت منتقل کردیا گیا جہاں شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے واقعہ کے بعد حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق شہید نائب صوبیدار گل شہادت کا تعلق کرک، شہید نائیک لعل خان کا تعلق لکی مروت، نائیک سجاد کا تعلق لودھراں، شہید سپاہی انور کا تعلق کرک، نائیک نواز کا تعلق تونسہ شریف اور شہید سپاہی سجاد کا تعلق سیالکوٹ سے تھا۔