غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولتیں دیں گے: صدر عارف علوی
مکہ مکرمہ (امیر محمد خان سے) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لئے پاکستان میں ایک مؤثر سرمایہ کاری نظام فراہم کر رہے ہیں۔ ون ونڈو کی صورت میں طویل نظام کو سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز مکہ مکرمہ میں پاکستانیوں کے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ صدر نے پاکستانی معیشت میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ وہ قیمتی زرمبادلہ اپنے ملک بھیج کر ملک کی خدمت کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ زر مبادلہ بینکنگ چینلوں کے ذریعے پاکستان بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کی سخت محنت کی کمائی پاکستان کی معیشت میں ترقی کی محرک بن سکے۔ سعودی مارکیٹ میں غیر تربیت یافتہ محنت کش طبقے کی نسبت تربیت یافتہ افراد کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور ہمیں اس طلب سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ غیر ممالک میں پاکستانی اپنے ملک کے لئے ایک اثاثہ اور بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں اور ہم یقینی طور پر انہیں ترقیاتی عمل میں شامل کریں گے اور انکے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ صدر پاکستان نے وفد کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو نوٹ کیا اورکہا کہ وہ پاکستان پہنچ کر متعلقہ اداروں سے رپورٹ لیں گے۔