سوئی ناردرن نے لاہور ریجن کیلئے گیس کی رسد بڑھا دی
لاہور (نیوزرپورٹر) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی جانب سے لاہور ریجن کے لئے گیس کی رسد بڑھا دی گئی ہے اور موسم سرما کے پیش نظر 20ملین کیوبک فٹ اضافی گیس ہر دن کے حساب سے گھریلو صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فراہم کی جا رہی ہے۔ فی الوقت لاہور ریجن میں گیس کی طلب اور رسد کا توازن قائم ہے۔ لاہور ریجن کے تمام سی این جی سٹیشن بشمول وہ اسٹیشن جو لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی 186 بسوں کو سی این جی سپلائی کر رہے ہیں ان کو گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔ تمام صنعتی و تجارتی صارفین بشمول برآمدی ٹیکسٹائل صنعت کو گیس کی مسلسل فراہمی جاری ہے۔ بعض مقامات پر خاص کر نیٹ ورک کے نچلے ترین علاقوں میں کم پریشر کی شکایات موجود ہیں جس کی بڑی وجہ کمپریسر کا استعمال ہے۔ سوئی ناردرن گیس کی جانب سے 350کے قریب صارفین کے گیس کنکشن غیر قانونی طور پر کمپریسر کے استعمال کی باعث معطل کر دیئے گئے ہیں۔ ہنگامی ، گیس لیکیج کی نشاندہی سمیت سسٹم کی مرمت کرنے و الی 100سے زائد ٹیمیں گیس پریشر کے حوالے سے صارفین کی شکایات حل کرنے کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔ جن علاقوں میں گیس کے کم پریشر کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی تھیں وہاں سوئی ناردرن گیس کی ٹیمیں مسلسل گیس پریشر کی جانچ پڑتال میں مصروف عمل ہیں اور فی الوقت واپڈا ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن، ہربنس پورہ، فیصل ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کمپریسر کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں۔