جڑانوالہ: 6 لاکھ سر کی قیمت والا اشتہاری مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
جڑانوالہ+ گجرات (نامہ نگاران) 6لاکھ روپے کے سر کی قیمت والا خطرناک اشتہاری پولیس تھانہ صدر سرائے عالمگیر کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں مارا گیا۔ ذوالقرنین عرف ذلی کو تھانہ لنڈیانوالہ پولیس نے دس روز قبل مقابلہ کے بعد گرفتار کیا تھا جسے بعدازاں پولیس تھانہ صدر سرائے عالمگیر تفتیش کیلئے لے گئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق پولیس تھانہ صدر سرائے عالمگیر گجرات کو قتل اقدام قتل سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب چک نمبر 655/6 گ ب جڑانوالہ کا رہائشی ذوالقرنین عرف ذلی جس کے سر کی قیمت پنجاب پولیس نے چھ لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ خطرناک اشتہاری ذوالقرنین 6دسمبر 2018ء کو گجرات سے جڑانوالہ اپنے گائوں آرہا تھا کہ تھانہ لنڈیانوالہ کے ایس ایچ او محمد ندیم کو مخبری ہو گئی اور اس نے پولیس نفری کے ہمراہ ناکہ لگا لیا۔ اشتہاری ذوالقرنین جب ناکہ پر پہنچا تو اس نے پولیس کو دیکھتے ہی اس پر سیدھی فائرنگ کردی اور فائرنگ کرتا ہوا کماد کے کھیت میں چھپ گیا جسے پولیس نے گھیرا ڈال کر گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف تھانہ لنڈیانوالہ میں مقدمہ درج کر لیا تھا جسے بعدازاں سرائے عالمگیر پولیس تھانہ لنڈیانوالہ سے تفتیش کیلئے لے گئی تھی۔ گجرات پولیس ذوالقرنین کو اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے لے کے جا رہی تھی کہ اس کے ساتھیوں نے پولیس وین پر فائرنگ کردی اور اسے چھڑانے کی کوشش کی اور دو طرفہ فائرنگ کے نتیجہ میں خطر ناک اشتہاری ذوالقرنین مارا گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ اشتہاری ڈاکو کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ اب تک 6افراد کو قتل کر چکا تھا۔