• news

سندھ: بحران ختم، سی این جی سٹیشنز کو فراہمی شروع، گورنر سندھ نے گاڑی میں گیس بھروائی

کراچی (کامرس رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) ایک ہفتے کی بندش کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی سٹیشن ہفتے کی رات 8بجے کھل گئے اور گیس بحران دور ہوگیا ۔ سی این جی اسٹیشن کھلنے پرکراچی کے شہریوں نے خوشی اوراطمینان کا اظہار کیا۔ گیس بندش کا وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سخت الیکشن لیا گیا تھا۔سی این جی سٹیشنز بند ہونے سے بڑی بسیں، منی بسیں اور رکشے بھی سڑکوں سے غائب رہے جس کے باعث نہ صرف اس ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے پریشان ہیں بلکہ سی این جی سٹیشنز پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ورکرز کو بھی مشکلات کا سامنا رہا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان،ملک خدا بخش، آل پاکستان سی این جی فورم کے چیئرمین شبیر ایچ سلیمان جی کی موجودگی میں وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرورخان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی موجودگی میںاعلان کیا۔ وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے گورنرہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو میںکہا کہ وزیراعظم نے گیس بحران پر انتہائی فکرمندی کا اظہار کیا۔غلام سرور خان کا کہنا تھاکہ سندھ کی صنعتوں میں گیس کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی، ملک بھر میں گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے، اسکے بعد انڈسٹریل سیکٹر اور ایکسپورٹ سیکٹر ہے، ہم نے انڈسٹری کا پہیہ چلا دیا ہے، پنجاب کی صنعتوں کو چلانے کیلئے ایل این جی پر منتقل کیااور فیصل آباد میں100سے زائد صنعتیں کھلوائیں۔وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ سوئی سدرن کےساتھ لوڈ مینجمنٹ پر نظر رکھیں گے، سی این جی سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور گیس کی بندش میں کمی کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹ کو سردیوں کے تین مہینوں میں 50 فیصد گیس فراہم کریں گے،کوشش ہے یہ کمی بھی نہ ہو۔وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا سردیوں کے سیزن میں تین دن گیس بندرہے گی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی لوڈمینجمنٹ پرعمل کرےگی ، کیپٹو پاورپلانٹس کےساتھ بھی فیصلہ ہوگیا۔ موسم سرما میں کیپٹوپاورپلانٹس کو گیس کی نصف فراہمی بندہوگی، اتوار کے دن گیس کی فراہمی بندہوگی اب گمبٹ فیلڈ سے 45 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار ہوگئی ہے۔ سی این جی سٹیشنز کھلنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ دریں اثنا کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز بھی سی این جی سٹیشنز نہ کھل سکے اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،پبلک ٹرانسپورٹ بھی کم ہونے سے شہری مشکلات کا شکار رہے۔ شہری صبح سے اپنی گاڑیاں لیکر سی این جی کے حصول کیلئے لائنوں میں لگ گئے، ہر کوئی اس انتظار میں تھا کب انہیں گیس ملے گی۔ گاڑیوں کو گیس ملنے میں تاخیر سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کم تھی جبکہ شہری پریشانی سے دوچار رہے۔ کراچی میں گیس بحران سے گھریلو صارفین بھی متاثر ہیں۔ دوسری طرف گورنر سندھ عمران اسماعیل 6 روز بعد کراچی میں سی این جی سٹیشنز کھلنے پر گورنر ہاﺅس کے قریب واقع سی این جی سٹیشن پر پہنچ گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق گورنر سندھ نے اپنی موجودگی میں سی این جی گاڑی میں بھروائی۔ اس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا کہ فروری میں گیس کی قلت ختم ہوجائے گی۔ گیس کی کمی سے عوام گیس کو احتیاط سے استعمال کریں۔
گیس بحران

ای پیپر-دی نیشن