• news

باغیوں کیساتھ سمجھوتہ خانہ جنگی کے خاتمہ کی طرف اہم پیشرفت ہے: یمنی سفیر

اسلام آباد ( جاوید صدیق) پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر الشعابی نے یمن میں حکومت اور باغیوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کو موجودہ بحران اور خانہ جنگی کے حل کے لیے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سمجھوتے کے نتیجے میں کم سے کم جنگ سے متاثرہ شہریوں کے لیے طبی امداد اور خوراک کو ان تک پہنچائی جاسکے گی۔ سفیر سے پوچھا گیا کہ کیا یمن میں جاری جنگ مکمل طورپر ختم ہونے کے امکانات ہیں تو انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ جنگ ختم ہوسکیں وہاں برسر پیکار ملیشیاء گروپ گڑ بڑ کررہے ہیں اس سے پہلے بھی اس طرح کے سمجھوتے ہوتے رہے لیکن ملیشیاء اور حوثی باغیوں نے ان سمجھوتوں کی خلاف ورزی کی جس سے صورتحال بگڑ تی رہی ہمیں توقع ہے کہ اس مرتبہ حکومت باغیوں میں جو سمجھوتہ ہوا ہے اس کے نتیجے میں شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے اقدامات ہوسکیں گے اور متاثرہ شہریوں کو امداد فراہم کی جاسکے گی۔ یمن کے سفیر نے کہا کہ موجودہ سمجھوتے کو امن کا مکمل سمجھوتہ نہیں قرار دیا جاسکتا مکمل سمجھوتہ ابھی بہت دور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن