چین کینیڈین شہریوں کو فوری رہا کرے:امریکہ ، کینیڈا
واشنگٹن(آئی این پی)امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چینی ٹیلی کام ادارے ہواوے کی اعلی خاتون اہلکار کی کینیڈا میں گرفتاری کے بعد چین میں دو کینیڈین شہریوں کی حراست کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ہفتہ کو بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے ان شہریوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ پومپیو نے یہ مطالبہ کینیڈین ہم منصب کرسٹیا فری لینڈ کے ساتھ واشنگٹن میں ملاقات کے بعد کیا۔ دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی کہا ہے کہ ان کے شہریوں کی چین میں حراست سے چین اور کینیڈا کے درمیان تجارتی تنازعے میں شدت پیدا ہو سکتی ہے۔ ادھر بیجنگ حکومت نے کینیڈین سفارت خانے کے قونصلر کو گرفتار کینیڈین شہری سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔