وحدت امت کانفرنس بین المسالک ہم آہنگی کا سبب بنے گی:طاہر اشرفی
لاہور ( سپیشل رپورٹر) عالم اسلام کے مسائل کاحل وحدت اُمت میں ہے ، وحدت اُمت کانفرنس مکۃ المکرمہ میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف 172 ممالک کے 1200 سے زائد مندوبین کا جدوجہد کا اعلان ، رابطہ عالم اسلامی مسلمانوں کی واحد نمائندہ عالمی تنظیم ہے جس نے بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وحدت امت کانفرنس مکۃ المکرمہ کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، رہنمائوں نے کہا کہ القاعدہ اور داعش جیسی تنظیموں سے مسلم نوجوانوں کو بچانے کیلئے اسلام کے پیغام امن و سلامتی کو پوری دنیا تک پہنچانے کیلئے باہمی اتحاد سے جدوجہد کرنی ہو گی۔ کانفرنس کی اختتامی نشست میں بین المسالک مکالمہ اور بین المذاہب رواداری کیلئے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا ۔ اعلان مکہ کے نام سے جاری اعلامیہ 13 صفحات پر مشتمل ہے ، کانفرنس کی آخری نشست سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کشمیر سے فلسطین اور یمن سے شام تک کے مسائل کا حل وحدت امت میں ہے ، وحدت امت سے ہی مسلمانوں کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ، آج اسلامی ممالک بالخصوصی سعودی عرب اور اس کی قیادت کے خلاف جو پراپوگنڈہ کیا جا رہا ہے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا اور مسلمانوں کے مرکز ارض حرمین شریفین اور دیگر اسلامی ممالک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو باہمی اتحاد سے ناکام بنانا ہو گا۔