ناقص سیوریج‘رائیونڈ کی گلیاں بازارگندے پانی کے جوہڑ میں تبدیل
رائے ونڈ (نامہ نگار) مسلم لیگ(ن) کی حکومت جانے کے بعدرائے ونڈ لاوارث ہوگیا ،سیوریج کے ناقص انتظامات کے باعث رائے ونڈ کی گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے ،تبلیغی مرکز بازار ،ملحقہ آبادیوں ،سندر روڈ ،مانگا روڈ ،ارشد کالونی ،ریلوے کالونی ،کوٹ خزان سنگھ ،کوٹ بابو خاں میں نکاسئی آب کے خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے سے جگہ جگہ استعمال شدہ اور غلیظ پانی کے جوہڑ بن گئے ہیں ،سکول کے طلباو طالبات ،راہگیروں اور مساجد میں جانے والے نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،تمام تر صورتحال متعدد بار لارڈ میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید اور ایم پی اے محمد مرزا جاوید کے نوٹس میں لائی جاچکی ہے ،اور وہ موقع ملاحظہ بھی کرتے ہیں ،مگر اس کے باوجود عوامی مسئلہ جوں کا توں موجود ہے ،میڈیا اورشہریوں نے تحقیق کے بعد اس مسئلہ کا ذمہ دار سی او یونٹ میں سیورمینوں کی کم تعداد کو قرار دیا ہے ،سب انجینئر اقبال ٹائون زون شہزاد صابرنے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ ان کو مزید سیورمینوں کی اشد ضرورت ہے ،انہوں نے رپورٹ بناکر اعلیٰ حکام کو بھجوائی بھی ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہورہا ،معلوم ہوا ہے کہ مرکزی نالوں اور گٹروں کی ہر دوسرے تیسرے دن معمول کے مطابق مکمل صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو تکلیف دہ مسئلہ کا سامنا ہے۔