امریکہ طالبان مذاکرات آج قطر میں ہونگے‘ پاکستان کا تعاون فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے : افغانستان
دوحا، کابل (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) پاکستان کے تعاون سے امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج قطر میں ہوں گے، امریکا نے پاکستان کے تعاون سے ہونے والے امریکا طالبان مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے۔ افغانستان میں ترجمان امریکی سفارتخانے کا امریکی ریڈیو سروس وائس آف امریکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کی طرف سے تعاون بڑھانے کے کسی بھی اقدام بشمول طالبان، افغان حکومت اور دیگر افغانوں کے درمیان مذاکرات کا امریکا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان سمیت دیگر فریقین سے ملاقاتیں کی ہیں اور افغان مسئلے کے حل کے لئے وہ یہ ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔ دوسری طرف ترجمان افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا تعاون اور امریکا طالبان مذاکرات کرانا افغان امن عمل کے لئے پاکستان کا پہلا عملی قدم ہے، پاکستانی تعاون فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا طالبان مذاکرات پیر سے شروع ہونے کا بتایا تھا، غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آج پیر کو دوحا میں شروع ہوگا۔ دوحا میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات تین روز تک جاری رہیں گے۔ امریکی وفد کی قیادت نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کریں گے، جب کہ طالبان وفد میں قطر آفس کے نمائندے بھی شریک ہوں گے ۔
قطر /مذاکرات