• news

آصف زرداری وہ دیا ہیں جوبجھنے سے پہلے آخری بار ٹمٹماتا ہے: فیاض چوہان

لاہور (خبرنگار+ کلچرل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیا ض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آصف زرداری ایک تیر سے تین شکار کرنا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ عدلیہ، فوج اور حکومت کو ایک ساتھ بلیک میل کیا جائے اور احتساب سے جان چھڑوا لی جائے۔ مگر ان کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ اب کوئی ادارہ بلیک میل نہیں ہو گا۔ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی کبھی تو چھری تلے آئے گی کہ مصداق سابق صدر بھی عنقریب اپنی قتل و غارت گری، غنڈہ گردی اور لوٹ مار کے نتیجے میں احتساب کی چھری تلے آنے والے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے آج یہاں آصف زرداری کے حکومت مخالف بیان کے ردعمل میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی صدارت کے پانچ سال پاکستان کی سیاسی تاریخ کے بد ترین سال تھے کیونکہ ایک ذہنی مریض ملک کا صدر بن بیٹھا تھا۔ اس بات کی تصدیق سابق صدر کے فزیشن بھی کر چکے ہیں کہ جناب کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ زرداری صاحب کے حالیہ بیانات، جلسے اور پریس کانفرنسیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان کو اپنی سیاسی موت قریب نظر آرہی ہے۔ سابق صدر دراصل وہ دیا ہیں جو بجھنے سے پہلے آخری بار ٹمٹما تا ہے۔ آج کل جلسوں پہ زور اسی بجھنے سے پہلے والے دیئے کی ٹمٹماہٹیں ہیں۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر اور ان کی جماعت کے پلے کچھ نہیں ہے۔ جیب میں نہیں دھیلا دیکھنے چلے میلہ کے مترادف کے پی اور پنجاب میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر تین سو سے ساڑھے تین سو ووٹ لینے والی جماعت اور اس کے شریک چیئرمین کے اگلا الیکشن جیتنے کے دعوے حیران کن ہیں۔ دریں اثناءصوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے آج الحمرا آرٹس کونسل میں بچوں کا شہرہ آفاق ڈرامہ عینک والا جن دیکھا۔ صوبائی وزیر نے فنکاروں کے فن کو سراہا اور ڈرامے سے خوب محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں اور سردار عثمان بزدار کی قیادت میں ہم پنجاب میں ایسی ثقافت کو فروغ دیں گے جو ہمارے صوبے کی پہچان ہے۔میری کوشش ہے کہ ہمیں اپنی فلم انڈسٹری اور ڈرامہ انڈسٹری کو فروغ دیں۔ وہ فن اور کلچر دکھائیں جو ہم سب اپنے گھروں میں بیٹھ کر اپنی فیمیلیز کے ساتھ دیکھ سکیں۔
فیاض چوہان

ای پیپر-دی نیشن