ہاکی اوپن سیریز آج سے شروع ‘قازقستان کی وارم اپ میچ میں کامیابی
لاہور (نمائندہ سپورٹس )نیشنل ہاکی سٹیدیم میں ایف آئی ایچ ہاکی اوپن سیریز کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ایونٹ افتتاح آج دوپہر ہوگا ۔،، قازقستان ہاکی ٹیم نے وارم اپ میچ میں پاک ہیرو ہاکی کلب کو شکست دے دی ۔غیر ملکی کھلاڑی لاہور یوں کی مہمان نوازی کے دلدادہ ہو گئے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں14برس بعد انٹر نیشنل ہاکی میلہ سجنے کو ہے۔ایف آئی ایچ ہاکی اوپن سیریز کے لئے افغانستان ،نیپال ،قازقستان اور ازبکستان کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں۔ٹیموں نے ایونٹ کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ۔قازقستان کے کپتان دولت یروناف نے کہا کہ وہ لاہور آنے پر بے حد خوش ہیں۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کھیلنے پراپنے جذبات بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں۔ازبکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اور کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ لاہور آئے ہیں ، لاہور یوں کی مہمان نوازی نے دل جیت لیے ہیں ۔ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لئے سری لنکا اور افغانستان کی ٹیموں نے بھی بھرپور پریکٹس سیشن میںحصہ لیا ۔ ایف آئی ایچ ہاکی اوپن سیریز کی فاتح ٹیم ورلڈ سیریز ہاکی کے کوالیفائنگ راونڈ کے دوسرے مرحلے میں کوالیفائی کر جائے گی۔ٹورنامنٹ آرگنائز نگ کمیٹی کے مطابق آج دوپہر گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان فائنل کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔