سینٹ میں معمول کا ایجنڈا ملتوی اعظم موسیٰ خیل کی وفات پر تعزیتی قرارداد منظور
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) ایوان بالا نے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر اعظم موسیٰ خیل کی وفات پر تعزیتی قرارداد معمول کا ایجنڈا ملتوی کرکے اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ ارکان نے اعظم خان موسی ٰخیل کے اچانک انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور لواحقین سے تعزیت اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔ ایوان بالا کے اجلاس میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے تعزیتی قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا، سردار اعظم موسیٰ خیل نے اپنے علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور کام کیا، قبل ازیں اجلاس کے آغاز میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفر الحق نے ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق ،سینیٹر حاصل بزنجو ، اعظم سواتی ، انوار الحق کاکڑ، ستارہ ایاز ، طاہر بزنجو ، چوہدری تنویر، کبیر محمد شاہی ، جاوید عباسی ، نگت مرزا ، مشتاق احمد ، رضا ربانی ، کیشومائی ، عتیق شیخ ، طلحہ محمود ، کلثوم پروین ، رحمن ملک ، صلاح الدین ترمزی ، ثمینہ سعید ، ثناءجمالی ، ولیم ، نصیب اللہ ، روبینہ خالد ، نزہت صادق ، ولید اقبال ، مولانا فیض محمد ، اورنگزیب خان ،سید صابر شاہ اور مشاہد اللہ خان نے اظہارخیال کرتے ہوئے مرحوم سینیٹر سردار اعظم موسیٰ خیل سے متعلق کہا کہ بلوچستان کے حقوق کے لئے انہوں نے ہمیشہ بھرپور طریقے سے آواز اٹھائی ، وہ ایک نڈر اور ایماندار ممبر تھے اور اپنے صوبے کے لئے آواز بلند کرنا وہ اپنے فرائض میں شامل کرتے تھے، خواتین ارکان نے جذباتی تقاریر نے میں کہا وہ خواتین کیساتھ ہمیشہ پرتپاک اور باادب انداز میں پیش آتے تھے ، بلوچستان سے وابستہ تین پارلیمنٹرینز نے کہا وہ ہمیں ڈیری ملک ، چاکلیٹ پیش کرتے تھے اور آج بھی چاکلیٹ کے کچھ پارٹس ان کے پرسوں میں محفوظ ہیں۔ بعد ازاں چیئرمین سینٹ نے اجلاس کی کارروائی آج (منگل) دو بجے تک ملتوی کردی۔ سینٹ میں آج وقفہ سوالات نہیں ہو گا جبکہ سرکاری ایجنڈے کے بجائے نجی کارروائی کا دن ہو گا۔
سینٹ