جنرل قمر باجوہ کی مصری ہم منصب‘ وزیر دفاع سے ملاقاتیں‘ فوجی انٹیلی جنس اور تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
راولپنڈی (آن لائن) پاکستان اور مصر کی عسکری قیادت نے فوجی، انٹیلی جنس اور تربیت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ مصر کے دورے پر ہیں جہاں وہ اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے مصری افواج کے سربراہ جنرل محمد زکی سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دورہ مصر کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے مصری وزیردفاع لیفٹیننٹ جنرل محمد فرید ہگازے سے بھی ملاقات کی ہے۔ مصری عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں میں اہم امور اور دفاعی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان اور مصر کی عسکری قیادت نے علاقائی امن و استحکام میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مصری افواج کے سربراہ نے دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی کاوشوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الازہر یونیورسٹی کے شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ شیخ احمد الطیب نے مذہبی انتہا پسندی کے خلاف پیغام پاکستان فتویٰ کو بھی سراہا اور انسداد دہشت گردی کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔ شیخ احمد الطیب نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے، اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نہیں جوڑنا چاہئے۔ ملاقات کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوجوانان اسلام کو جدت، رواداری اور سائنس و ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔
جنرل باجوہ