بشارت راجہ کی آڈیو کال، وزیراعظم کو ابتدائی رپورٹ پیش، یاسمین راشد کا بھی نوٹس
راولپنڈی/ لاہور (جنرل رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) پنجاب کے صوبائی وزیر قانون کی ایم ایس بے نظیر ہسپتال کو کال کی آڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعظم اور صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کر لی ہیں، اسی سلسلہ میں بینظیر بھٹو ہسپتال میں وائی ڈی اے کا بینظیر ہسپتال میں اجلاس بھی ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون کے فون کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کے ایم ایس بی بی ایچ کے خلاف کسی بھی اقدام پر پنجاب بھر میں ہڑتال کا معاملہ بھی زیر غور لایا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون سے معافی کے مطالبہ پر بھی غور کیا گیا اور ڈاکٹر اریبہ کی تعلیمی اسناد اور میرٹ کے خلاف بھرتی پر انکوائری کے مطالبہ پر بھی غور کیا گیا ہے۔ جبکہ بینظیر ہسپتال کے ایم ایس کا فون دن بھر بند رہا۔ دریں اثناءسوشل میڈیا پر ڈاکٹر اریبہ عباسی کی جانب سے استعفی دینے کا جو لیٹر وائرل ہوا ہے اس میں ان کے استعفی ٰ کی تاریخ 4-12-2018 درج ہے جس سے یہ بات عیاں ہوتی ہے معاملہ ایک دو روز پہلے کا نہیں بلکہ دو ہفتہ پہلے کا لگتا ہے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وفاقی حکومت نے وزراءکی مداخلت کے حوالے سے پالیسی تشکیل دےدی‘ غیر متعلقہ وزیر کسی دوسری وزارت کے ملازمین کو براہ راست کوئی حکم نہیں دے سکے گا۔ ذرائع کے مطابق پالیسی کے مطابق کوئی بھی وزیر دوسری وزارت میں براہ راست مداخلت نہیں کرے گا، وزراءکسی بھی وزارت سے شکایت کی صورت میں اپنے تحفظات سے متعلقہ وزیر کو ہی آگاہ کرے گا اور غیر متعلقہ وزیر کسی دوسری وزارت کے ملازمین کو براہ راست کوئی حکم نہیں دے سکے گا ۔ ذرائع کے مطابق شکایت کی صورت ازالہ متعلقہ وزیر ہی کر سکے گا جبکہ معمول کے سرکاری امور کے رابطے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے اس ضمن میں وفاقی حکومت جلد باضابطہ نوٹیفکیشن صوبائی حکومتوں کو بھی جاری کر دے گی۔ مزید برآں صوبائی وزیرقانون محمد بشارت راجہ کے ترجمان نے میڈیا پر ان سے متعلق وائرل ہونے والی آڈیو ٹیپ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے عمران خان اور عثمان بزدار کی اوپن ڈور پالیسی کے باعث روزانہ متعدد لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے وزراءسے رابطہ کرتے ہیں۔ لوگوں کے مسائل کو متعلقہ محکمہ جات اور افسران تک پہنچانا اور ان کو حل کرانا حکومتی ارکان کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر اریبہ کے معاملے میں وہ ان کا مسئلہ متعلقہ افسر کے نوٹس میں لائے اور اس کے حل کے لئے کہا جو کسی صورت بھی غیر قانونی نہ ہے۔ مسئلہ کو حل کرنے یا نہ کرنے کا انحصار متعلقہ افسر پر ہے۔ انہوں نے وضاحت کی انہوں نے متعلقہ افسر کے خلاف نہ کوئی تادیبی کارروائی کی اور نہ ہی اس کے متعلق کچھ تحریر کیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا وزیر صحت پنجاب نے اس سلسلہ میں حقائق جاننے کے لئے متعلقہ سینئر حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے جس کے آنے پر تمام صورت حال واضح ہو جائے گی۔ آڈیو لیک معاملے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کمو پیش کر دی گئی۔ وزیرصحت عامرکیانی نے وزیراعظم کا پیغام ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی کو پہنچا دیا۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہامیرٹ پر کام کریں، آپ کوکوئی پریشان نہیں کرے گا۔ وزیر صحت عامر کیانی نے کہا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی صاحبزادی ڈاکٹر اریبہ عباسی نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا وزیر قانون راجہ بشارت سے ہم نے رابطہ نہیں کیا۔ راجہ بشارت کو کوئی خط لکھا نہ ان سے بات ہوئی۔ راجہ بشارت کی اہلیہ کا فون آیا انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر نشانہ بنانے کے خلاف ہیں ہماری بھی بیٹیاں ہیں۔ میری راجہ بشارت سے نہیں ان کی اہلیہ سے بات ہوئی۔ میرا موقف درست ہے، انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گی۔
بشارت راجہ / کال