کسی سے تصادم نہیں چاہتے، حکومت ہر سوال پر گالی دیتی ہے: کائرہ
لاہور (آن لائن) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زماں کائرہ نے کہا ہے کہ ہم کسی سے تصادم نہیں چاہتے، زرداری کو پہلے بھی ان ہی عدالتوں نے کرپشن کیسز میں گرفتار کیا اور ان ہی عدالتوں نے بری بھی کیا، عدلیہ اور فوج قابل احترام ہیں مگر پارلیمان بھی قابل احترام ہے جو ان اداروں کی ماں ہے، ہم تو چاہتے ہیں کہ حکومت مدت پوری کرے لیکن وزیر اعظم خود کہہ رہے ہیں کہ قبل از وقت انتخابات ہو سکتے ہیں، یہ رسم ہو چلی ہے کہ حکومت سے جو سوال کیا جاتا ہے جواب میں گالی دی جاتی ہے، سو روز کا ہم نے یا میڈیا نے ہدف مقرر نہیں کیا، موجودہ حکومت جنوبی پنجاب صوبہ ہو یا کوئی بھی ہدف ہر معاملے میں ناکام رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا،اجلاس میں 27 دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے حوالے سے جلسے میں شمولیت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج کے حکمرانوں کو اندازہ نہیں کہ جمہوری عمل کتنی جانیں قربان کرکے حاصل ہوا،ہمیں احساس ہے کہ جب جمہوری عمل ڈی ریل ہوتا ہے تو کتنی جانیں قربان کرنا پڑتی ہیں۔ پیپلز پارٹی نے بھٹو صاحب سے لیکر آج تک کل 15 برس بھی حکومت نہیں کی۔ہماری قیادت کیخلاف احتساب ہوا ہم نے کبھی سوال نہیں پوچھا،آپ اور آپکے اتحادیوں کیخلاف بھی مقدمات ہیں،لوگوں کیخلاف تفتیش کے دوران گرفتاریاں ہورہی ہیں مگر وزرا ء کیخلاف ایسا نہیں ہورہا،سپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف بھی مقدمات ہیں۔زرداری نے اگر انتخابات کی کوئی بات کی ہے تو کیا اس میں کسی کو کوئی شک ہے کہ انتخابات جعلی ہوئے۔ہم نے جوڈیشل ایکٹوزم بھی بہت دیکھ لیا،ہم نے افتخار چودھری کا زمانہ بھی دیکھا اور اب بھی دیکھ رہے ہیں،ہم آئین کے اندر رہ کر کام کرنے کی بات کررہے ہیں تو کونسا جرم کررہے ہیں۔