مسیحی برادری قابل احترام، اقلیتوں کو ہمیشہ ساتھ لیکر چلیں گے: علیم خان
لاہور (خصوصی رپورٹر) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تمام اقلیتیں بالخصوص کرسچن کمیونٹی انتہائی قابل احترام ہے اور نئے پاکستان میں اقلیتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میاں میر کالونی میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجا ب کے نئے بلدیاتی نظام میں اقلیتوں کی مخصوص نشستیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان سے لیکر آج تک ملکی معاملات میں مسیحی بھائیوں کی خدمات لائق تحسین ہیں جنہوں نے نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں بلکہ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں بھی دن رات کام کرکے نام کمایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کو ثمر وآر کرنے میں بھی مسیحی بھائیوں کی جدوجہد پیش پیش ہے اور انشاء اللہ موجودہ حکومت انہیں ان کا جائز مقام ضرور دلوائے گی۔ انہوں نے کہا کرسچن کمیونٹی کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد دیاور انہیں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر آرمی پبلک سکول کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ان کیلئے خصوصی دعا ہوئی۔ دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب نے میاں میر کالونی میں سی پی ایم سکول کا افتتاح بھی کیا۔