• news

مقدس تحریر والے کاغذات بشمول اخبارات سے مختلف اشیاء کی پیکنگ پر پابندی عائد

لاہور (سپیشل رپورٹر) مقدس اوراق کی حفاطت کے حوالے سے محکمہ داخلہ حکومت پنجاب کا احسن اور تاریخی اقدام۔ مقدس تحریر والے کاغذات بشمول اخبارات سے مختلف اشیاء کی پیکنگ پر پابندی عائد کر دی۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق ایوان وزیر اعلی کی پیشگی منظوری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ فضیل اصغر کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ جس کی کاپی اطلاع کی غرض سے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹرعی قانون و پارلیمانی امور، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور، آئی جی پنجاب پولیس، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، ڈویژنل کمشنرز، صوبہ بھر میں تعینات ریجنل پولیس افسروں، سی سی پی او لاہور، صوبہ بھر میں تعینات ڈپٹی کمشنرز و دیگر کو ارسال کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نوٹیفیکیشن میں قرار دیا گیا ہے کی مقدس اوراق کی حرمت اور مقدس تحاریر کے احترام کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب بھر میں مقدس تحاریر والے کاغذات بشمول اخبارات میں اشیائے خورد ونوش و دیگر کی پیکنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ اس ضمن میں دفعہ 144کا نفاذ عمل میں لایا گیا۔ جس کا اطلاق فوری طور پر 17 دسمبر سے ہو گا جو کوئی بھی صوبہ بھر میں اخبارات سمیت مقدس تحاریر والے کاغذات میں اشیاء کی پیکنگ کرے گا اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن