بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آر فوری درج کرائی جائیں: عمر ایوب
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان نے متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے حکام کو بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آر کا فوری اندراج یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپکو بجلی چوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ایف آئی آرز کے بارے میں متعلقہ قانون کے درست استعمال کو یقینی بنائے اور نگرانی کا کام کرے۔ وفاقی وزیر نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔ وفاقی وزیر نے اربوں روپے کی بچت کیلئے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے بجلی چوری کے خلاف مہم میں سیپکو اور حیسکو کی مکمل مدد کرنے کا وعدہ کیا ۔ وہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی ملاقات کریں گے۔ ایم ڈی پیپکو نے بتایا بجلی چوری میں ملوث 214 افسروں کیخلاف کارروائی کی گئی۔