• news

وزیراعظم نے اے جی این قاضی فارمولے کے تحت پن بجلی منافع کا حصہ دینے کا یقین دلایا : وزیراعلیٰ خیبر پی کے

پشاور(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپی کے محمود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اے جی این قاضی فارمولا کے تحت پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں صوبہ کے شیئر کا یقین دلایا، جلد ہی صوبہ تمام بقایاجات حاصل کر لے گا۔وسائل صوبے کو منتقل ہو جائینگے،وفاقی حکومت سابق فاٹا کے صوبے میں انضمام کے مجموعی عمل میں صوبائی حکومت کی معاونت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں فاٹا انضمام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے کیا۔ صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر ، چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز سکندر قیوم، شہزاد بنگش، سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ارشد مجید، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار ، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سا بق فاٹا کے نئے سات اضلاع کی ترقی کیلئے مجموعی حکمت عملی سمیت تاحال منظور کئے گئے منصوبوں ، وسائل کی منتقلی، آسامیوں کی تخلیق ، فوری اثرات و نتائج کے حامل منصوبوں کی جلد تکمیل خصوصاً 6 ماہ کے اندر صحت اور تعلیم کے منصوبوںاور منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کی منتقلی کے قانونی پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں جائزہ کمیٹی کے کام ، این ایف سی ایوارڈ کے 3 فیصد کی فراہمی کے معاملے سمیت سابق فاٹا کے خیبرپی کے میں انضمام کے سلسلے میں آئینی ترمیم کے تحت وفاقی و صوبائی سطح پر کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کو صوبہ کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم کی رضامندی اور دلچسپی سے آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن