• news

پنجاب پولیس نے ٹر یفک ایکسیڈنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم تیار کر لیا:آئی جی

لاہور(نامہ نگار) پنجاب پولیس ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے ٹریفک حادثات میں لوگوں کی جانوں کو بچانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ٹریفک ایکسیڈنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم تیار کر لیاہے ۔جس کی مدد سے کسی بھی جگہ پر ہونے والے حادثے کی وجوہات کا نہ صرف صحیح تعین کیا جا سکے گا بلکہ اس کے ذریعے تفتیشی اور پروسیکیوشن کے مراحل میں بھی مدد حاصل ہو سکے گی اور آئندہ ان حادثات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی کو بھی وضع کیا جا سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے گزشتہ روز ٹریفک ہیڈکواٹرز پنجاب قربان لائنز لاہورمیں ٹریفک ایکسیڈنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم(ٹی اے ایم آئی ایس) کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جسے پی آئی ٹی بی کی معاونت سے تیار کیا گیا ہے۔اس موقع پرایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ،ایڈیشنل آئی جی پولیس علی عامر ملک ، ایڈیشنل آئی جی پولیس سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے ،چیف آپریٹنگ آفیسراکبر ناصر،ڈی آئی جی آئی ٹی پنجاب ذوالفقار حمید سمیت اعلی افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک، خرم شکور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران تقریباََ 16ہزار افراد ٹریفک حادثات کے باعث جاں بحق ہوئے اور اس سسٹم کے ذریعے حادثات کا باعث بننے والی وجوہات کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کی کوتاہیوں کا جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ گاڑی چلانے والے ڈرائیور کی تمام تر انفارمیشن کے ساتھ ساتھ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے علاوہ گواہوں اور اطلاع دہندہ کے بارے میں بھی تفصیلات اس ایپ کے ذریعے فوری طور پر موصول ہو سکیں گی ۔

ای پیپر-دی نیشن