جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کسانوں پر غیر ملکی کمپنیوں کے بیج کے استعمال پر پابندی کیلئے دائر درخواست لارجر بنچ کی سفارش کرتے ہوئے چیف جسٹس کو بھجوا دی
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کسانوں پر غیر ملکی کمپنیوں کے بیج کے استعمال پر پابندی کیلئے دائر درخواست لارجر بنچ کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے شیزار ذکاء ایڈوووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے کسانوں کو غیر ملکی بیج مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، کسانوں کو غیر ملکی بیجوں کے استعمال کا پابند کر کے کسانوں کو روایتی کھیتی باڑی سے محروم کر دیا گیا ہے،غیر ملکی بیجوں کے استعمال سے زمینی اور ماحولیاتی آلودگی پیدا ہو رہی ہے،بیجوں کے استعمال سے ملکی غذائی تحفظ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مہنگے داموں بیج کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے ۔