ویلنگٹن ٹیسٹ‘انجیلو میتھیوز ‘ کوسل مینڈس کی ناقابل شکست سنچریاں
لاہور (سپورٹس ڈیسک )انجیلو میتھیوز اور کوسل مینڈس کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا، ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا کی طرف گامزن، سری لنکا نے کیویز کے خلاف ویلنگٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالئے ‘کیویز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 37 رنز درکار جبکہ اسکی ابھی 7 وکٹیں باقی ہیں۔ سری لنکن ٹیم نے دوسری اننگز 20 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی ، کوسل مینڈس اور انجیلو میتھیوزنے انتہائی محتاط اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پورا دن کیویز بائولرز کی خوب دھنائی بھی کی، دونوں کھلاڑیوں نے ملکر چوتھی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 246 رنز بنائے جو اب تک چوتھی وکٹ پر سری لنکا کا دوسری بڑی شراکت داری ہے تاہم اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی ناقابل شکست سنچریاں بھی سکور کیں۔دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی سکور کو 3 وکٹوں پر 259 رنز تک پہنچا دیا اورکیویز کی پہلی اننگز کے 578 رنز کے جواب میں برتری ختم کرنے کیلئے مزید 37 رنزدرکار جبکہ7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ میچ کے چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو کوسل مینڈس ناقابل شکست 116 اور انجیلو میتھیوز ناقابل شکست 117رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ میچ کا چوتھا روز بلے بازوں کے نام رہا کیویز بائولرز کوئی سری لنکا کھلاڑی آئوٹ نہ کرسکے۔