• news

شوگر ملز نہ چلانے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی‘ 100 روز میں صرف کام کیا : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت محکموں کی کارکردگی کا جا ئزہ لینے کیلئے 3 گھنٹے طویل اجلاس میں سماجی بہبود، معدنیات، بہبود آبادی، قانون، ٹرانسپورٹ، انسانی حقوق و اقلیتی امور، داخلہ اورپولیس کے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزراءاورسیکرٹریز نے وزیراعلیٰ کو 100روزہ کا رکردگی پربریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ کے 100 روز کی پرفارمنس اورمستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے اقدامات پر سوالات کیے اور کہا کہ آپ کی کارکردگی عوام کو پہنچنے والے فوائد سے منسلک ہے اورمحکموں کو وہ اقدامات کرنے چاہئیں جس سے براہ راست عوام مستفید ہوں۔ تحریک انصا ف کی حکومت نے درست سمت میں سفر شروع کردیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔ 100 روز میں صرف کام،کام اورکام کیا گیا ہے اورعام آدمی کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات ہماری ترجیح ہے۔ سماجی شعبوں کو بہتر بناکرمعاشرے کے دبے ہوئے طبقے کو اس کا حق دیں گے۔ وزیراعلیٰ سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے امریکہ اوربرطانیہ میں مقیم سینئر ڈاکٹرز کے وفدنے ملاقات کی۔ عثمان بزدارنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہیلتھ کےئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی فوکس کیا ہے اور عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں مہیا کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ پنجاب حکومت ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا جائزہ لے رہی ہے۔ عثمان بزدار نے واضح ہدایات کے باوجود کرشنگ سیزن شروع نہ کرنے والی بعض شوگر ملوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے اور اس ضمن میں صوبائی وزیر خوراک، سیکرٹری خوراک اور کین کمشنر کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مطالبات تسلیم کئے جانے کے باوجودشوگر ملیں نہ چلانے کا کوئی جواز نہیں۔ شوگر ملیں نہ چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور کاشتکاروں کا کسی کو استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ گنے کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت یقینی بنائی جائے گی اور شوگر ملیں کاشتکاروں سے گنا مقررکردہ نرخوں پر خریدنے کی پابند ہوں گی جبکہ وزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے فیروز وٹواں سے اغواءکے بعد 2 بچوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کے والد مختار احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے گوجرہ میں10سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
عثمان بزدار

ای پیپر-دی نیشن