سابقہ حکومتوں کی وجہ سے ملک سنگین مسائل کا شکار ہے : عمران خان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی تھے۔ وفد نے وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں، کسانوں کو درپیش مسائل ، تعلیم اور صحت کی صورتحال ، پانی کے مسئلے اور نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں گورننس کی ناکامی، میرٹ کی نظر اندازی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے جنوبی پنجاب پسماندگی کا شکار ہوا۔وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرے گی۔ کسانوں کے حقو ق کا تحفظ کیا جائے گا ، تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات یقینی بنائی جائیں گی ، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی اور صوبہ بھر میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پانی کے مسئلے، خصوصی طور پر عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مرکزی اورصوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ممبران اپنے حلقوں میں عام آدمی سے مستقل رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل فوری طور پر حل ہوسکیں، ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی طرف سے ڈ ویژنل سطح پر ممبران اسمبلی کی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا۔ کمیٹی ضلعی سطح پر مقامی مسائل کا حل مقامی قیادت کی مشاورت اور عوام کی امنگوں کے مطابق صوبائی حکومت کی نگرانی میں یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے کے لیے پر عزم ہے ،ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے آج پاکستان سنگین سماجی و معاشی مشکلات کا شکار ہے۔موجودہ حکومت کی حالیہ کوششوں سے آج بیرونی سرمایہ کار اور معروف غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ انشااللہ آنے والا وقت سماجی طور پر خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کا وقت ہے، ارکان قومی اسمبلی میں محمد عبدالغفار وٹو، محمد فاروق اعظم خان ، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ،سید مبین احمد اور چوہدری جاوید اقبال شامل تھے۔وزیراعظم عمران خان نے عوام الناس کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ قانون کو فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے سلسلے میں اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان اور اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ بات فیصل آباد بار سے تعلق رکھنے والے وکلاءکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے وزیرِ اعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، ممبران قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، رضا نصراللہ گھمن، شیخ خرم شہزاد، نواب شیر وسیر، فیض اللہ کموکا، فرخ حبیب، اٹارنی جنرل انور منصور خان بھی شریک تھے۔ وفد نے وزیرِ اعظم عمران خان کو فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا مطالبہ پیش کیا۔
عمران