مسئلہ کشمیر کیلئے عالمی سطح پر فیصلہ کن آواز اٹھانے کا وقت آ گیا‘ شیریں مزاری
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر فیصلہ کن انداز میں آواز اٹھائی جائے، پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، یورپی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کریگا، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ہائی کمشنر کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دعوت دیں گے،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، ان خیالات کا اظہار منگل کو سینیٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم صرف بیانات ہی دیتے رہے ہیں عملاً کچھ نہیں کیا گیا، پرویز مشرف نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ایک طرف رکھ کر چار نکاتی حل پیش کر دیا تھا، خواتین کے ساتھ ہونے والے ظلم کا معاملہ بھی ماضی میں عالمی سطح پر نہیں اٹھایا گیا اور معاملہ کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ ہمارے پاس ایک خاکہ موجود ہے، بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بات چیت کرے اور کشمیری بھی چونکہ ایک متعلقہ فریق ہے، اس لئے ان کی بہت اہمیت ہے۔ پرویز مشرف نے امریکہ کے دبائو پر سید علی گیلانی سے فاصلہ رکھا لیکن ہم ہر مقام پر کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے قراردادیں بھی مشرقی تیمور کی طرح ہیں لیکن وہاں پر استصواب رائے ہو جاتا ہے کیونکہ وہاں ایک مسلمان ملک کے ساتھ اس کا معاملہ تھا اور یہاں پر بھارت ہے۔