• news

مصباح الحق کا بچوں کے دل کی مفت سرجری کا ہسپتال بنانے کا اعلان

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) عمران خان کے بعد مصباح الحق پاکستان کے دوسرے معروف اور بین الاقوامی کرکٹر ہیں جنہوں نے 2ارب روپے کی لاگت سے دکھی انسانیت کیلئے ملک میں بچوں کے دل کی مفت سرجری کا پہلا جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں تعمیر کیا جانے والا یہ ہسپتال 125بستروں پر مشتمل ہو گا جہاں بیک وقت پانچ سینئر سپیشلٹیز ایک ہی جگہ پر مہیا کی جائیں گی۔ مزید برآں یہ ادارہ ملک میں بچوں کے دل کی سرجری کیلئے تربیت یافتہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی تیار کرے گا تاکہ مستقبل میں ملک کے دوسرے حصوں میں بھی اس قسم کے ادارے قائم کرنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ پاکستان چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن کے ڈائریکٹر مصباح الحق نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں صدر سید ضیاء علمدار حسین سے ملاقات کے دوران بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ بظاہر ہم دوسروں کا بھلا کرتے ہیں مگر دراصل اس میں ہمارا اپنا بھلا ہوتا ہے اور یہی وہ اعمال ہیں جن کے ذریعے ہم آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ایک مشن کے طور پر اس ہسپتال کی تعمیر کرائیں گے اور انہیں یقین ہے کہ فیصل آباد کے مخیر حضرات بھی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن