چیئرمین سینٹ کا فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، شہزادہ فہد نے بر یفنگ دی
ریاض (امیر محمد خان) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ یمن کی قانونی (Legitimate) حکومت کی بحالی کے لئے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم کیے گئے فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ۔ فوجی اتحاد کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی بن عبدالعزیز السعود نے یمن کی تازہ ترین فوجی احوال سے سینٹ کے وفد کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے استقبال اور تفصیلی بریفنگ پر جنرل فہد بن ترکی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو اس وقت دہشت گردی کے آسیب کا سامنا ہے۔ سعودی عرب کو کئی مرتبہ دہشت گردی کی اندرونی اور بیرونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں یمنی حوثی باغیوں کی کاروائیاں بھی شامل ہیں۔ پاکستان نے سعودی سلامتی کے خلاف ہر قسم کی دہشت گرد سرگرمیوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مسئلہ کے حل کے لئے سعودی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔ یمن میں امن اور قانونی حکومت کی بحالی کے لئے شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ،پاکستان یمن میں امن کی غیر مشروط بحالی اور قابض باغی فورسز کے انخلاءکی بھر پور حمایت کرتا ۔اتحادی فوج کی یمن میں امن اور قانونی حکومت کی بحالی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی کا کہنا تھا کہ اتحادی فوج کو امن کوششوں اور باغیوں کی سرکوبی میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں۔
چیئرمین سینٹ دورہ