جنوبی پنجاب صوبہ‘ حکومت سنجیدہ لگتی ہے : مہنگائی پر ایوان میں بحث کرائی جائے : بلاول
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکرگزار ہوں۔ مہنگائی پر ایوان میں بحث کرائی جائے ملک کے عوام مہنگائی کے سیلاب میں ڈوب گئے ہیں، کھانے پینے کی اشیاءبھی مہنگی کردی گئی ہیں جس پر اسمبلی میں بحث ہونی چاہئے۔ پی پی نے پنجاب اسمبلی اور سینٹ سے جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد منظور کرائی تھی ۔ پی پی جنوبی پنجاب کے معاملے کو ایوان میں لائی حکومت جنوبی پنجاب کے معاملے میں سنجیدہ لگتی ہے۔ ارکان اسمبلی کو ای سی ایل میں نام ڈال کر ہراساں کیا جارہا ہے دو ارکان اسمبلی کے نام ای سی ایل سے نکال کر اچھا یو ٹرن لیا گیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میںپیپلز پارٹی کی پارلیمانی جماعت نے پارٹی قیادت کے خلاف احتساب کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شدیداحتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔واضح کیاگیا ہے آئین کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔حکومت اپوزیشن کے خلاف جانبدارانہ طرز عمل کی وجہ سے پارلیمنٹ میں قانون سازی میں ناکام ہے ۔حکومتی عہدیداروں کو اپوزیشن رہنماﺅں کے میڈیا ٹرائل کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔پارلیمانی پارٹی نے بلا امتیاز اور بلا تفریق احتساب کا مطالبہ کیا اور واضح کر دیا صاف شفاف احتساب سے کوئی مبرا نہیں ہے۔ احتساب کے معاملے میں انصاف ہوتے نظر آنا چاہیے ۔جمعرات کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا۔سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ،سید نوید قمر اور دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی جماعت کے ارکان کو پارٹی قیادت کے خلاف یکطرفہ احتسابی کاروائیوں سے آگاہ کیا اورواضح کیا پارٹی قیادت قطعاً سیاسی انتقام سے مرعوب نہیں ہوگی ۔آئین کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کے معاملے پر اپوزیشن کسی قسم کادباﺅ قبول نہیں کرے گی ،خواہش ہے صاف شفاف منصفانہ احتساب کو یقینی بنایا جائے۔اپوزیشن قیادت کو انتقام کا نشانہ بنانے کا سلسلہ ترک کیا جائے ۔یہ معاملہ دونوں ایوانوں میںشدید انداز میں اٹھانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو