• news

فاٹا انضمام کے بعد جنوبی پنجاب صوبے کا کریڈٹ بھی عمران کو جائیگا : فواد چودھری

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے فاٹا کے انضمام کے بعد جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا کریڈٹ بھی عمران خان کو جائے گا‘ سابقہ دور حکومت میں جہلم‘ لودھراں‘ راجن پور‘ چکوال اور دیگر اضلاع میں مخصوص طریقے سے پیسہ خرچ کیا گیا، جس کے باعث یہ علاقے اس رفتار سے ترقی نہیں کر سکے جس رفتار سے لاہور اور دیگر اضلاع نے ترقی کی۔ ایوان میں تقریریں کرنا تو آسان ہے لیکن عملی کام میں ساتھ نہیں دیا جاتا‘ قومی مالیاتی کمشن (این ایف سی ) کی تشکیل کے لئے تاحال سندھ حکومت نے اپنا نمائندہ نامزد نہیں کیا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب فاٹا کا انضمام ہو رہا تھا، اس وقت وعدہ کیا گیا تھا این ایف سی کے شیئرز میں فاٹا کا حصہ رکھا جائے گا‘ جب این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل کا مرحلہ آیا تو سندھ حکومت نے تاحال اپنا نمائندہ ہی مقرر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا سابقہ دور حکومت میں لاہور میں فی کس آمدن 7100 روپے اور راجن پور کی فی کس آمدن 2400 روپے تھی اور دیگر اضلاع کی فی کس آمدن بتدریج کم تھی۔ یہی سابقہ حکومت کی سیاست تھی چند اضلاع کو نوازا جائے اور باقی علاقے محرومیوں سے باہر نہ آسکیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس کے دوران یہ ہدایات دی ہیں تمام بڑے شہروں کا ڈویلپمنٹ پلان لے کر آئیں۔ ہمارا یہ وعدہ ہے وسائل کی مساوی تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کے مدینہ طرز کی ریاست کے وژن کے مطابق غریب طبقہ کو اوپر لانا ‘ پسے ہوئے طبقات کے ساتھ کھڑا ہونا‘ وسائل کی مساوی تقسیم اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے‘ ہر سطح پر اس ضمن میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت نے کسی رکن قومی اسمبلی کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا اور جس رکن کا نام ای سی ایل پر تھا وہ بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ ایوان میں آکر تقریریں کرنا تو آسان ہے لیکن جب عملی اقدام کا وقت آتا ہے تو سب سائیڈ پر ہو جاتے ہیں۔ جنوبی پنجاب صوبہ کے لئے کون کتنا مخلص ہے یہ پوری قوم جانتی ہے۔ انشاءاللہ فاٹا کے انضمام کے بعد جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا کریڈٹ بھی وزیراعظم عمران خان کو جائے گا۔
فواد چودھری

ای پیپر-دی نیشن