• news

چینی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے تیار کئے جانیوالے جہاز کی سٹیل کٹنگ تقریب

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے لئے تیار کیے جانے والے پہلے اے/پی 054 کلاس جنگی جہاز کی سٹیل کٹنگ کی تقریب ہڈونگ زہانگوا شپ یارڈ چین میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چیف آف نیول سٹاف ، وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے۔ چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن کے نائب صدر جناب قیان جیان پِنگ نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاک بحریہ کے اس منصوبے کومقررہ وقت سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچانے کے سلسلے میں صمیم عزم کا اظہار کیا۔وائس چیف آف نیول سٹاف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی یہ کامیاب تقریب پاک چین دوستی میںمضبوطی کا ایک نیا باب رقم کرتی ہے جو زمانے کی کڑی آزمائشوں سے گزر کر پختہ ہو چکی ہے اورتمام شعبوں میں ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے۔ وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے مقررہ وقت سے پہلے سٹیل کٹنگ کے سنگ میل کو عبور کرنے پر چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن، چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی، چائنا شپ ڈویلپمنٹ اینڈ ڈیزائن سنٹر، ہڈونگ زہانگوا شپ ہارڈ اور چینی بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب میں حکومت پاکستان اور پاکستان بحریہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ تکمیل کے بعد یہ جہازحجم کے لحاظ سے پاک بحریہ کے بڑے جنگی جہازوں اور تکنیکی اعتبار سے جدید ترین پلیٹ فارمز میں سے ہوگا جو مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے پاکستان کی صلاحیتوں میںمزید اضافہ کرے گا اور بحر ہند کے خطے میں امن و استحکام اور طاقت کا توازن بر قرار رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن