• news

علی ترین نے پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم 88 کروڑ 90 لاکھ روپے میں خرید لی

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم خرید لی۔پاکستان سپرلیگ کے لیے چھٹی ٹیم کی اونر شپ فروخت ہوگئی، علی ترین اگلے 7 سال کے لیے مالک بن گئے، ان کے مدمقابل جنوبی افریقہ کی کمپنی کے نمائندے احمد چنائی نے انکشاف کیا کہ علی ترین نے 88 کروڑ 90 لاکھ کی قیمت لگا کر یہ بڈ اپنے نام کی ہے جبکہ ہم نے 35 کروڑ سالانہ بولی دی تھی تاہم پی سی بی کی جانب سے علی ترین کی جانب سے دی گئی قیمت کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا، پی سی بی کی جانب سے چھٹی ٹیم کے لیے بڈ 52 کروڑ سے زیادہ رکھی تھی۔ملتان سلطانز کے مالکان کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کے بعد پی سی بی نئے ٹینڈر جاری کیے، جس کے تحت بڈز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھولی گئی اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین سب سے زیادہ قیمت لگاکر اس کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔علی ترین نے کہا کہ خواہش ہے کہ پی ایس ایل جونیئر بھی کروائی جائے جو پاکستان میں ہو، جس میں سپلیمنٹری کھلاڑی کھیلیں، یہ بزنس ڈیل نہیں بلکہ کرکٹ سے محبت ہے، مجھے کسی نام پر اعتراض نہیں، مگر اس پر قانونی معاملات دیکھنے ہوں گے، ہمارے تمام بزنس پاکستان میں ہیں، چاہتا ہوں کہ پی ایس ایل کے سارے میچز پاکستان میں ہوں۔ ہم ملتان سلطانز کے نام کو جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں لیکن قانونی پہلووں کا جائزہ لینا ہوگا۔ اگر اس کی اجازت نہ ملی تو پھر ٹیم کا پہلا نام ملتان ہی ہوگا تاہم دوسرا نام بھی سوچ کر تبدیل کریں گے۔پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز 88 کروڑ 90 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم ملتان کنسروشیم کے مالک علی ترین نے خرید لی ہے۔پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے حقوق ملتان کنسورشیم نے 7 سال کے لیے حاصل کیے ہیں۔علی ترین نے ٹیم کو جنوبی پنجاب کے لئے تحفہ قرار دیا اور کہا کہ جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ تلاش کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز ملتان سلطان سے پیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدہ ختم کردیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ اگر ٹیم کے لیے نیاخریدار نہ ملا تو بورڈ خود ہی ٹیم کو چلائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھٹی ٹیم کی کم از کم قیمت 5.21 ملین ڈالر سالانہ رکھی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن