• news

امارات بھی پاکستان کو 3 ارب ڈالر دیگا : امداد پر شکریہ : عمران خان

دبئی، اسلام آباد (سپیشل رپورٹ/ نمائندہ خصوصی/ ایجنسیاں) سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کر نے کا اعلان کردیاہے، یہ رقم سٹیٹ بینک میں رکھوائی جائے گی۔ ابوظہبی ڈویلپمنٹ فنڈ نے کہا کہ آئندہ چند د نوں میں یہ رقم سٹیٹ بینک میں جمع کرا دی جائے گی، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور معیشت کو سہارا ملے گا۔ یو اے ای پاکستان میں مختلف منصوبوں پر بھی سرمایہ کاری کر رہا ہے جن میں توانائی، صحت، تعلیم اور سڑکوں کے منصوبے شامل ہیں۔ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدالذیبی نے سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا کہ ابوظہبی فنڈز برائے ترقیاتی امور کی جانب سے تین ارب ڈالرکی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع ہونے والی رقم کا مقصد پاکستان کی مالیاتی اور مانیٹری پالیسی کو مضبوط کرنے کے علاوہ پاکستان کے مالیاتی استحکام میں مدد دیناہے،یواے ای سفیر نے کہا کہ پاکستان کو متحدہ عرب امارات کی مدد دونوں ممالک کے عوام کے تاریخی رشتے اور ان سماجی و ثقافتی تعلقات کی بنیا د پر ہیں جن کے ذریعے دونوں ممالک صدیوں سے آپس میںجڑے ہوئے ہیں جبکہ باہمی تعلقات مختلف شعبوں میں وسیع البنیاد تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام میں یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی مالی مدد کیلئے 3ارب ڈالر کا فنڈ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مشکل وقت میں فراخدلی سے پاکستان کی مدد کرنے پر متحدہ عرب امارات کے شکرگزار ہےں کیونکہ یہ برسوں پر محیط ہماری دوستی اور کمٹمنٹ کا عکاس ہے۔ متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام دو طرفہ تعلقات کی بہت بڑی مثال ہے۔ عرب امارات کے مطابق 3 ارب ڈالر پاکستان کی مانیٹرنگ اور فسکل پالیسی میں مدد فراہم کریں گے جس کے مابین دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی۔ ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے پاکستان کے 8 ترقیاتی منصوبوں کو مالی امداد فراہم کی ہے جس کی مجموعی قیمت 1.5 بلین درہم ہے جن میں توانائی‘ صحت‘ تعلیم اور سڑکوں جیسے منصوبے شامل ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مالی سپورٹ پر متحدہ عرب امارات اور کراﺅن پرنس محمد بن زید کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔پیکیج پاکستان متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی تھی۔ واضح رہے پاکستان کو بیرونی اور مقامی ادائیگیوں کیلئے 12 ارب ڈالر درکار تھے۔ اس کے علاوہ زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کیلئے فارن کرنسی کی بھی ضرورت تھی۔ وزیراعظم عمران خان کے دورے میں سعودی عرب نے بھی پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کیلئے بڑا پیکیج دیا تھا۔ وزارت خزانہ کے ترجمان خاقان نجیب نے یو اے ای کی طرف سے پاکستان کے لئے پیکج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ خاص طور پر زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوں گے۔ روپے کی قدر میں بہتری آئے گی اور اس کے ساتھ ساتھ معیشت کے استحکام کے پروگرام میں مدد ملے گی۔ اس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔یو اے ای کے سفارتخانہ کے مطابق امداد کی بنیاد دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات ہیں۔
امارات امداد

ای پیپر-دی نیشن