• news

آشیانہ سکینڈل : شہبازشریف‘ فواد حسن‘ احد چیمہ سمیت تمام ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 روز توسیع

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) آشیانہ اقبال سکینڈل کیس کی سماعت پر عدالت نے شہباز شریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت تمام ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 روز کی توسیع کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف دو، تین روز تک ریفرنس دائر کر دیں گے۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے ملزموں کو 3 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوئے۔ وکلا کی طرف ریفرنس پیش نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 7 ملزموں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزموں میں فواد حسن فواد، احد چیمہ، شاہد شفیق، اسرار سعید، عارف بٹ، امتیاز حیدر اور بلال قدوائی شامل ہیں۔ نیب کا کہنا ہے کہ آشیانہ اقبال پروجیکٹ میں ملزموں کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو 660ملین کا نقصان پہنچا۔ 61ہزار لوگوں نے درخواستیں دیں لیکن ایک بھی گھر مکمل نہیں ہوا جبکہ دو ملزم اسرار سعید اور عارف بٹ ضمانت پر رہا ہیں۔
توسیع

ای پیپر-دی نیشن