گرفتار پروفیسر جاوید دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق‘ نعش کو ہتھکڑی لگی رہی
لاہور (نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر+ صباح نیوز) کیمپ جیل میں قید پروفیسر محمد جاوید دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ پروفیسر محمد جاوید سرگودھا یونیورسٹی لاہور کے غیرقانونی کیمپس کے قیام کے کیس میں ملوث اور نیب کے زیرتفتیش تھے۔ دوسری جانب نیب حکام نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بیان جاری کیا کہ احتساب عدالت لاہور کی جانب سے مرحوم پروفیسر محمد جاوید کو اکتوبر 2018ءمیں ہی جوڈیشل کردیا گیا تھا۔ کیمپ جیل میں حکام نے ملزم کی حوالگی کے وقت انکی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا اور انہیں دل کی تکلیف کی وجہ سے سروسز ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ وفات پا گئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وفات کے بعد بھی پروفیسر جاوید کی ہتھکڑی نہ کھولی گئی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پروفیسر جاوید کی ہتھکڑیاں نہ کھولنے کے واقعہ پر آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ دوسری طرف ترجمان نیب نے کہا ہے کہ پروفیسر محمد جاوید کی نیب حراست میں موت نہیں ہوئی، وہ ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔
پروفیسر/ انتقال