• news

منی لانڈرنگ : زرداری‘ فریال کی عبوری ضمانت 7 جنوری تک توسیع جیالوں کے نعروں پر جج برہم

کراچی (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور دیگر ملزمان کی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع کر دی۔ بینکنگ کورٹ کراچی میں 35 ارب روپے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جمعہ کو ہوئی، سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور چھٹی بار بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، بعض حلقوں کی جانب سے سابق صدر کی ضمانت منسوخ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پوزیشن ہے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے عدالت عظمی کے فیصلے کا انتظار ہے۔ پی پی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، رحمان ملک، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی، قائم علی شاہ، امتیاز شیخ، وقار مہدی، نثار کھوڑو، لطیف کھوسہ اور دیگر عدالت پہنچے۔ کارکنان عدالت میں گھسنے کی کوشش کرتے رہے اور سیلیفیاں لیتے رہے اور نعرے بازی کرتے رہے جس پر جج برہم ہوگئے۔ کیس کے دیگر ملزمان حسین لوائی، طحہ رضا، انور مجید، اے جی مجید کو تاحال پیش نہیں کیا گیا۔ ادھر جعلی بینک اکاونٹس کیس میں جے آئی ٹی نے 75 سو صفحات (دس سے زائد والیمز) پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی، جس کے مطابق 104 جعلی بینک اکاونٹس کے ذریعے تقریباً 220 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، جے آئی ٹی نے تقریباً 620 افراد کو نوٹسز بھیجے جن میں سے 470 افراد نے خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا۔
زرداری، فریال

ای پیپر-دی نیشن