آرمی چیف نے فورسز تعلیمی اداروں پر حملوں میں ملوث 14 دہشت گردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی
راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سنگین جرائم اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث 14 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جبکہ 20 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں نے مختلف سزائیں سنائی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد پاک فوج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے اور ان کی کارروائیوں میں 16 افراد شہید ہوئے، جن میں 13 فوجی اور 3 سویلین شامل ہیں۔ ان کی کاروائیوں میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان دہشتگردں نے مواصلات کے نظام، پولیس سٹیشنز، تعلیمی اداروں کو بھی تباہ کیاتھا جب کہ ان دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہواتھا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ فوجی عدالت سے 20 دہشتگردوں کو قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ سزا پانے والوں میں محی الدین، گل زمین، فضل ہادی، محمد وہاب، گل محمد، بشیر احمد، آفرین خان، محمد وسیم، برکت علی، روح الامین، شتمند، باچا وزیر، اسماعیل اور محمد اسلام شامل ہیں۔ دہشتگردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں کے ساتھ تھا۔
آرمی چیف / توثیق