پورا کشمیر جل رہا ہے، حکومت مدد کیلئے عملی اقدامات کرے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں نے تحریک آزادی میں قربانیاں پیش کرنے کا حق ادا کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کابینہ کے ہمراہ اقوام متحدہ دفتر کے باہر دھرنا دیں‘ کشمیریوں کی مددوحمایت کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ مودی سرکار نے انتخابات کی آمد پر مسلمانوں کی قتل و غارت گری تیز کر دی۔ کشمیرکی طرح بھارت میں بھی مساجد و مدارس اور مسلمانوں کی زندگیاں محفوظ نہیں ہیں۔ مدینہ جیسی ریاست بنانی ہے تو ملک کی معیشت کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالا جائے۔ مسلمانوں کی سیاست، معیشت و معاشرت سمیت ہر عمل اسلامی شریعت کے مطابق ہونا چاہیے۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ نماز جمعہ کے بعد حالیہ دنوں میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کے نتیجہ میں شہید ہونیوالے کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیر میں ظلم و دہشت گردی کی انتہا ہو چکی‘ اس وقت پورا کشمیر جل رہا ہے۔