• news

ڈائریکٹر حمید نظامی پریس انسٹیٹیوٹ ابصار عبدالعلی کے ایصال ثواب کے لئے دعا، قرآن خوانی

لاہور (نیوز رپورٹر) معروف براڈ کاسٹر، سینئر صحافی، ادیب اور ڈائریکٹر حمید نظامی پریس انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان ابصار عبدالعلی مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا اور قرآن خوانی ان کی آبائی رہائش گاہ میں ادا کی گئی مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ دریں اثناء نوائے وقت کی مسجد میں ابصار عبدالعلی مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے نماز جمعہ کے بعد دعائے مغفرت کی گئی، جس میں نوائے وقت گروپ کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدرو چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ، وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، میاں فاروق الطاف،چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد، کارکنان تحریک پاکستان جسٹس (ر) آفتاب فرخ ، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، کرنل (ر) محمد سلیم ملک ، چودھری ظفر اللہ خان، محمد ارشد چودھری ، خواجہ خورشید وائیں ،چوہدری محمد طفیل ، رانا سجاد جالندھری، میاں ابراہیم طاہر، ایم کے انور بغدادی، بیگم ثریا خورشید، بیگم مہناز رفیع، ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق، ڈاکٹر اجمل نیازی اور شاہد رشید نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں ابصار عبدالعلی کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم نے اپنی زندگی پاکستان کی تعمیر وترقی اور دوقومی نظریہ کی ترویج واشاعت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ ابصار عبدالعلی سرتاپا پاکستانی تھے اور پاکستان سے محبت ان کے رگ و پے میں رچی بسی تھی۔ ان کے انتقال سے ملک ایک مخلص پاکستانی سے محروم ہو گیا ہے۔ سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا گیا اور ابصار عبدالعلی کی مغفرت کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میںجگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ابصار عبدالعلی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے کہا صحافت اور ادب کے فروغ کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن