• news

نیا پاکستان مہنگائی کا کوہ گراں، جنوبی پنجاب صوبہ کیلئے مہم چلائیں گے : سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے کی بجائے دن کی روشنی میں احتساب ہو تو جیلوں میں جگہ کم پڑ جائے گی جماعت اسلامی جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کیلئے بھرپور مہم چلائے گی، تاہم بہاولپور صوبہ کو بھی بحال کیاجائے اپوزیشن کو فیصلہ کرنا ہوگاکہ وہ اپنا مسئلہ حل کرنا چاہتی ہے یا عوام کا، عوام نت نئے ٹیکسوں کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان برپا ہونے پر فاقے کر رہی ہے جبکہ حکومت بسنت اور سینما گھروں کی نوید سنارہی ہے نئے پاکستان میں اب تک مہنگائی کا کوہ گراں سامنے آیا ہے۔ پر امن افغا نستان ہی پاکستان کی ضرورت ہے قومی اسمبلی پر کروڑوں خرچ ہورہے ہیں لیکن قانون سازی کی طرف کوئی توجہ نہیں تمام وزراء احتساب احتساب اور خوشنما اعلانات ، سبز باغات دکھانے میں مصروف ہیں ۔کرپشن کے خلاف جنگ جماعت اسلامی نئے اسلامی سال میں نئے پاکستان کا مکمل جائزہ پیش کرے گی۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’دارالسلام‘‘ میں مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر، رائو محمد ظفر،میاں آصف محمود اخوانی،میاں منیر احمد بودلہ، کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہاکہ نئی حکومت اقتدار میں آنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی بھی ساتھ لائی ہے نت نئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں ہر روز ایک نیا منی بجٹ آتا ہے۔دو کروڑ 28لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں 80ہزار سے زائد لوگ کینسر، 35ہزار سے زائد بلڈ پریشر ودیگر بیماریوں سے مر رہے ہیں ہسپتال کم ہیں حیران کن بات ہے کہ تعلیم وصحت کی سہولیات اور بچوں کے ہاتھوں میں قلم و کتاب دینے کی بجائے بسنت اور سینما گھر بنانے کی نوید سنائی جارہی ہے جو کام حکومت کا ہے وہ کام چیف جسٹس آف پاکستان کر رہے ہیں ۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اسمبلی میں بیت المقدس کو یہودیوں کے حوالے کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ قبل ازیں سراج الحق نے مدرسہ جامع العلوم کی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ جہالت ،ا ندھیرا اور علم روشنی ہے علم کے بغیر حق تک پہنچنا ممکن نہیں اور نہ ہی زندگی کا مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے اللہ کا نظام غالب کرنے کیلئے حکومت حاصل کرنے کی جدوجہد کرنا نبی کریم ﷺ کی سنت اور عین عبادت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن