کرنسی سمگلنگ کیس،ایان علی کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
راولپنڈی(آئی این پی ) کسٹم کورٹ نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملزمہ 3 سال سے دانستہ غیر حاضر ہے، ملزمہ کے عدالت میں سرنڈر کرنے تک وارنٹ گرفتاری واپس نہیں لئے جا سکتے۔ جمعہ کو راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی، مسلسل غیر حاضری پر ایان علی کے وکیل سرفراز علی نے عدالت کے روبرو دلائل دیئے کہ ڈاکٹروں نے ایان علی کو فروری میں پاکستان کے سفر کی اجازت دی ہے، ملزمہ فروری میں عدالت پیش ہو کر اپنے خلاف مقدمے کا سامنا کرے گی۔عدالت نے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کرتے ہوئے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ 3 سال سے دانستہ غیر حاضر ہے، ملزمہ کے عدالت میں سرنڈر کرنے تک وارنٹ گرفتاری واپس نہیں لئے جا سکتے، 18 جنوری سے کوئی التوا نہیں ہوگا اور ملزمہ کی غیر موجودگی میں ہی ٹرائل شروع کردیں گے۔