• news

نئے صوبے زبان نہیں انتظامی بنیاد پر بننے چاہئیں: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)قائد تحریک منہاج القرآن، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے کہا ہے کہ نئے صوبے زبان نہیں انتظامی بنیاد پر بننے چاہئیں، ماضی میں اقتدار میں رہنے والی تمام جماعتوں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا مگر عمل کسی نے نہیں کیا، یہ بات خوش آئند ہے کہ موجودہ حکومت بھی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حامی ہے اور اپوزیشن جماعتیں بھی ایسا ہی مؤقف رکھتی ہیں، لہٰذا جنوبی پنجاب کے عوام کیساتھ کیے گئے دیرینہ وعدوں پر عملدرآمد کا یہ بہترین وقت ہے، وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سینئر رہنمائوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر مزید صوبے بنانے سے غربت کو کنٹرول کرنے ،شرح خواندگی میں اضافہ، عوام کو گھر کی دہلیز پر انصاف ،صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی ازسرنو تحقیق کا مؤقف تسلیم کیے جانے پر اطمینان ہے۔نئی جے آئی ٹی کیلئے سپریم کورٹ نے انتہائی شفیق کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ جس ملک کے سیاستدان اقتدار میں آ کر ملک کی خدمت کرنے کی بجائے لوٹ مار کریں اور شہریوں کو قتل کریں ان کا محاسبہ نہ کرنا ملک و قوم سے بے وفائی ہو گی، کرپشن کے خاتمے کی جنگ منطقی انجام تک پہنچنی چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن